گلبرگ ایگزیکٹو ملتان، ڈیرہ: نیب کاروائی، کروڑوں کے اثاثے منجمد، متاثرین سڑکوں پر

ملتان (وقائع نگار)نیب ملتان کی گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سکیم کیس میں بڑی پیش رفت: ملزمان کے کروڑوں روپے کے اثاثے منجمدقومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے گلبرگ ایگزیکٹیو ہاؤسنگ سکیم ملتان اور ڈی جی خان کے فراڈ کیس میں اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ احتساب عدالت ملتان نے نیب کی درخواست پر ملزمان کے کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کے انجماد (فریز) کی توثیق کر دی، جو متاثرین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان نے متاثرین کی داد رسی کے لیے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم غلام اصغر گورمانی سمیت دیگر ملزمان کے اثاثوں کو منجمد کر کے توثیق کے لیے احتساب عدالت کو بھجوایا تھا۔ عدالت نے گزشتہ سماعتوں میں ملزمان کو اعتراضات جمع کرانے کے نوٹس جاری کیے۔ ملزمان کی دی گئی مہلت ختم ہونے، اعتراضات موصول ہونے اور دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعدمعزز احتساب عدالت نے نیب کے اقدامات کو مکمل طور پر درست اور قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے اثاثوں کے انجماد کی توثیق کر دی۔نیب ملتان کی پراسیکیوشن ٹیم نے موثر پیروی کرتے ہوئے عدالت سے ڈی جی نیب کے اقدام کی منظوری حاصل کی۔ اس فیصلے سے نیب کی ریکوری کا عمل مزید ہموار ہو گیا ہے، جس سے متاثرین کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی میں تیزی آئے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ملتان کی ٹیم متاثرین کی بازیابی کے لیے پرعزم ہے اور قریب المستقبل میں ملزمان کے مزید اثاثوں کو منجمد کرنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ گلبرگ ایگزیکٹیو ہاؤسنگ سکیم کو غیر قانونی قرار دیا جا چکا ہے، اور اس میں عوام سے اربوں روپے کا فراڈ کیا گیا۔ نیب نے اس کیس میں متعدد کارروائیاں کی ہیں، جن میں ملزمان کی گرفتاریاں اور اثاثوں کی بازیابی شامل ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ عوام سے فراڈ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے، اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب متاثرین گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ملتان کا نیب آفس کی کھلی کچہری کے بعداس کالونی کے مالک اصغر علی گورمانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس گلبرگ کالونی کے مالک اصغر علی گورمانی کا نیب میں 2سال سے کیس زیر التوا ہے لیکن اسکو سیاسی پشت پناہی ہونے کی وجہ سے اس میگا فراڈ کیس کی کاروائی میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں اگر یہ رکن اسمبلی نا ہوتا تواب انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایا جا چکا ہوتا۔ہماری وزارت داخلہ بالخصوص وزیر داخلہ محسن نقوی سے اپیل ہے کہ نیب، انٹی کرپشن، پولیس و دیگر اداروں کو مطلوب فراڈ گلبرگ ایگزیکٹو ملتان ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک اصغر علی گورمانی ایم پی اے PP283 جس نے ملتان سمیت ڈیرہ غازی خان میں متوسط طبقے کو سستے پلاٹوں کا جھانسہ دے کر اپنا گھر اپنی چھت کا خواب چھینا اور تقریباً 20,25ارب کا فراڈ کیا ہے اور ECL میں نام ہونے کے باوجود ملک فرار ہوگیا۔خداراوزارت داخلہ سے انٹرپول کاروائی مکمل کروا کر اس کو پاکستان لایا جائے تاکہ متاثرین گلبرگ ایگزیکٹو ملتان کو انصاف مل سکے۔احتجاجی مظاہرہ میں متاثرین گلبرگ صدر یونین متاثرین گلبرگ سید اقبال حسین بخاری، چیرمین رانا غلام مرتضیٰ، چیف کوآرڈینیٹر شیخ عدیل اعجاز، علی رضا سنڈھل، چوہدری خالد ریاض، مسعود بخاری، محمد ذوالمکارم، محمد ذوہیب، شوکت دھرالہ، سید دانش رضا نقوی، نجمہ بی بی، فوزیہ خان، رشیدہ بی بی و دیگر متاثرین گلبرگ ملتان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں