گجرات (بھارت): ریاست گجرات کے علاقے پوربندر میں بھارتی کوسٹ گارڈ کا ایک ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین پر گر گیا اور حادثے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں تین افراد ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا اور اس میں پانچ افراد سوار تھے۔ پرواز کے کچھ دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
حادثے کے مقام پر پہنچنے والی ریسکیو ٹیم کو ہیلی کاپٹر کا ملبہ کچھ ہی فاصلے پر ملا، جہاں سے تین لاشیں اور دو زخمیوں کو نکالا گیا۔ بھارتی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ فنی خرابی معلوم ہوتی ہے۔
یہ حادثہ بھارت میں مسلسل پیش آنے والے فضائی حادثات کی کڑی ہے۔ 2021 میں بھی ایک ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا، جس میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 13 افسران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
نااہلی، غفلت، اور کرپشن کے باعث بھارتی فوج کے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے حادثات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ برس ایک اہم حفاظتی اپ گریڈ کا آغاز کیا گیا تھا، جو مکمل ہو چکا ہے، لیکن مقامی طور پر تیار کیے گئے ہیلی کاپٹروں پر نصب اپ گریڈ شدہ کنٹرول سسٹم کے باوجود حادثات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔