لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا عمل بخوبی جاری ہے اور ہر مستحق شخص کو میرٹ کی بنیاد پر امداد اس کے گھر تک پہنچائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم کا آغاز نہیں کر سکی اور نہ ہی اس کا کوئی اعلان ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کے لیے پارٹی کے بانی کی آسائشیں اور مراعات زیادہ اہمیت رکھتی ہیں، جبکہ رمضان کی حقیقی ضروریات پر توجہ نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال بھی کے پی میں رمضان پیکج صرف پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستوں پر دیا گیا، جبکہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے صوبہ بھر کا سروے مکمل کر کے ہر شہری کا ڈیٹا جمع کیا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سروے کے تحت پنجاب کے 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں اور مسیحی برادری کو بھی امدادی رقم علیحدہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکج ہے۔







