ملتان (کرائم سیل) کینٹ ڈویژن کے افسر کی کمزور گرفت کے باعث جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور سرکل بھر کے تھانوں میں لوٹ کھسوٹ بھی دھڑلے سے جاری ہے چوری و ڈکیتی کے وارداتوں میں تھانہ مظفر آباد کا پہلا نمبر ہے جہاں رشوت کا بازار بھی گرم ہے، جبکہ تھانہ قطب پور اس حوالے سے دوسری پوزیشن کا براجمان ہے قطب پور میں چوری و ڈکیتی کی وارداتیں ریکارڈ کی جارہی ہیں جبکہ چند روز قبل بلال چوک کے قریب علاقہ مکینوں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ آکر از خود ٹھیکری پہرہ دیکر دو ڈاکوئوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد وارداتوں میں کمی آئی۔ اسی طرح تھانہ شاہ شمس اور ممتازآباد کا یہی حال ہے ۔خوب مال پانی بنایا جارہا ہےجبکہ کینٹ اور جلیل آباد کے صورتحال قدر بہتر ہے ۔باوثوق زرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ سے پیوستہ شب تھانہ مظفرآباد نے عیدی اکٹھی کرنے کے لیے عرصہ دراز سے جاری جوئے کے اڈے پر ریڈ کیا جہاں دس افراد جواء کھیلنے میں مصروف تھے کو قابو کرتے ہوئے چار لاکھ کے قریب دائو پر لگی رقم و جامع تلاشی برآمد کی ۔انہیں تھانے لے آئے بعد ازاں دو مرکزی ملزمان کو بھاری نذرانے کے عوض آزاد کردیا گیا جبکہ آٹھ افراد پر 28 ہزار 6 روپے برآمدگی ڈال کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرآباد پولیس آئے روز علاقے میں لگی پٹرول مشینوں، جوئے کےاڈوں، بلیئرڈ کلبوں و دیگر سوشل جرائم کرنے والوں کو کھلی چھوٹی کے عوض مال پانی بنانے میں مصروف عمل ہے۔







