علی پور(خبر نگار)علی پور کےکچہ علاقہ میں پولیس اور ڈاکوئوں میں معاملات مقامی سیا ستد ا نو ں ،وڈیروں نے طے کرا دیئے،جرائم پیشہ افراد نے 98مویشی واپس کر د یئےدیگر کی واپسی شرائط سے مشروط،مال مویشی مالکان کے حوالہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق جرائم پیشہ افراد نے موضع لنگر واہ سے دو سو مویشی سیف اللہ آرائیں و دیگر کے گن پوائنٹ پر چھین لئے تھےجس پر سرکل پولیس علی پور اور جرائم پیشہ افراد میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا،اس دوران دو سپاہی بھی زخمی ہوئے اور متعدد جرائم پیشہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں،پولیس سرکل علی پور نے آبی گزر گاہ گبر ارائیں پتن کو آمدورفت کے لئے تین روز قبل بند کر دیاتھا،بعد ازاں حالات میں ڈرامائی موڑ آیا،بتا جاتا ہے کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مظفرگڑھ،ایس ڈی پی او علی پوراور ایس ایچ او کے ہمراہ مقامی سیاستدانوں،وڈیروں کے تعاون سے جرائم پیشہ افراد سے مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا،معاملات طے پا گئےجس کے نتیجہ میں جرائم پیشہ افراد نے اٹھانوے مویشی اکیس گائے،اٹھارہ بھینسیں و بچھڑے واپس کر دئیےجو مالکان سیف اللہ ارائیں،سمیع اللہ،ندیم،نذر محمد،قاسم کے حوالہ کر دیئے گئے ہیں۔دیگر مویشیوں کی واپسی چند شرائط پوری ہونے پرکر دی جائے گی۔ پولیس علی پوراور وصول کنندہ شہری مویشیوں کی واپسی کی تصدیق کر رہے ہیں جبکہ شرائط و دیگرمعاملات کی تردید/تصدیق سے گریزاں ہیں۔
