جام پور ،رحیم یارخان(تحصیل رپورٹر، بیورورپورٹ، خصوصی رپورٹر) کچے میں پولیس،رینجرزکامشترکہ آپریشن جاری ہے،ڈرون حملے کئے گئے،کارروائی میں3ڈاکوہلاک،ٹھکانےتباہ کر دیئے گئے، 2مغوی بازیاب کرالئے۔تفصیل کےمطابق کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن تیسرے روز بھی کامیابی سے جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے زمینی و فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں ڈرون حملے، بکتر بند گاڑیوں اور جدید اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق کچہ کراچی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین خطرناک ڈاکو لالہ سکھانی، شیرو کورائی اور عاشق موٹا ہلاک ہو گئے۔ یہ تینوں ڈاکو چندروز قبل سندھ اور پنجاب بارڈر سے 14 مسافروں کو اغوا کرنے میں ملوث تھے۔آپریشن کے دوران بنگیانی گینگ کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ ڈرون حملوں سے متعدد ڈاکو زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے علاقے کا مکمل گھیراؤ کر کے بنگیانی گینگ سمیت دیگر جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کر دی ہے۔راجن پور، رحیم یار خان اور سندھ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہےاور ڈاکوؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی کچہ کو ڈاکوؤں سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔دوسری جانب گزشتہ روز سندھ پنجاب سرحدی علاقں میں رینجرز اورپولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران کچہ کراچی کے علاقہ سے بھٹہ واہن صادق آباد کے رہائشی دومغویوں ریاض احمد اور عمرارائیں کو بازیاب کرالیاگیا۔دونوں کوکچہ کے ڈاکوؤں نے 12نومبرکو اغواءکرنے کے بعدکچہ کے علاقہ منتقل کرکے ورثاءسے رہائی کے عوض تاوان طلب کیاتھاگزشتہ روز رینجرزاورپولیس کی ڈرون کارروائیوں میں ڈاکوؤں کے ٹھکانے اورمورچے تباہ ہونے کے باعث ڈاکومغویوں سمیت ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ منتقل ہورہے تھے کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلہ کے دوران2 مغویوں اور اپنی نابینابزرگ خاتون کوچھوڑ کرفرارہوگئے۔علاوہ ازیںگزشتہ روزرینجرز اورپولیس کے کچہ کے علاقوں کچہ کراچی اورکچہ رجوانی میں جاری آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں موٹروے ایم فائیوسڑک کی حفاظت کیلئے لگائی گئی فینسی جالی لوہے کے کھمبے ودیگر سامان برآمد ہوا ہے ‘جبکہ آپریشن کے دوران برآمدہونے والی ان اشیاءکوتحویل میں لینے کے بعدٹھکانوں کونذرآتش کیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب اسلامیہ یو نیورسٹی کیمپس میں زیرتعلیم بیٹے کے دوست سمیت مبینہ اغواءکامعاملہ‘ والدہ سرپرقرآن اٹھاکردریائی بندپرپہنچ گئی‘ بیٹے کودوست سمیت قرآن پاک کے واسطے رہاکرنے کی اپیل کردی۔گزشتہ روز نواز آبادکی رہائشی جمیلہ بی بی جس کے بیٹے طارق رشید جوکہ اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس کا طالب علم ہے گھرسے دوست شاہد عزیز کے ہمراہ حصول تعلیم کیلئے گیا اوردوست سمیت لاپتہ ہوگیا‘ رابطہ کرنے پرموبائل فون بھی بندپائے گئے‘ گزشتہ روز طالب علم طارق رشیدکی والدہ جمیلہ بی بی کچہ کے علاقہ گڑھی خیرمحمدکے بچاؤدریائی بند پرقرآن پاک سرپررکھ کرپہنچی اورقرآن کاواسطہ دیتے ہوئے اپیل کی اس کے بیٹے اوردوست کورہاکردیاجائے وہ انتہائی غریب ہیں اور مغوی طارق رشید واحدسہاراہے واضح رہے کہ چارروزقبل طارق رشیددوست شاہد عزیز کے ہمراہ یونیورسٹی حصول تعلیم کیلئے گیاتھاجودوست سمیت لاپتہ ہے شبہ ہے کہ اسے دوست سمیت اغواکرلیاگیاہے۔







