عموماً پیاز کو صرف سالن یا سلاد کا ذائقہ بڑھانے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، مگر طبی ماہرین کے مطابق کچی پیاز غذائیت سے بھرپور ایک قدرتی خزانہ ہے جو متعدد بیماریوں کے خلاف ڈھال کا کام دیتی ہے۔ پیاز میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس، اینٹی بیکٹیریل خصوصیات، وٹامنز، منرلز، سلفر مرکبات اور فائبر جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو جسم کے مختلف نظاموں کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔
کچی پیاز میں فلاوونائڈز اور سلفر مرکبات دل کی شریانوں کو صاف رکھتے ہیں، بلڈ پریشر کو متوازن کرتے ہیں اور کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس سے دل کے دورے اور ہارٹ فیل کی شرح میں کمی آ سکتی ہے۔
کچی پیاز بلڈ شوگر لیول کو مستحکم رکھنے میں مددگار ہے، خاص طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید مانی جاتی ہے۔ اس میں موجود کوئرسیٹن اور دیگر اینٹی آکسیڈنٹس انسولین کی حساسیت بہتر کرتے ہیں۔
پیاز میں موجود وٹامن C، زنک اور اینٹی آکسیڈنٹس جسم کے

مدافعتی نظام کو طاقتور بناتے ہیں۔ یہ نہ صرف موسمی نزلہ، زکام بلکہ وائرل اور بیکٹیریل انفیکشنز سے بھی بچاؤ فراہم کرتی ہے۔
گرمیوں میں کچی پیاز کھانے سے جسم کو قدرتی ٹھنڈک ملتی ہے، یہ ہیٹ اسٹروک سے بچانے میں نہایت موثر ثابت ہوتی ہے، کیونکہ یہ جسم کا درجہ حرارت معتدل رکھنے میں مدد کرتی ہے۔
کچی پیاز میں فائبر اور پری بایوٹک خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو آنتوں میں مفید بیکٹیریا کو فروغ دیتی ہیں، قبض اور گیس جیسے مسائل کا خاتمہ کرتی ہیں۔ پیاز ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتی ہے اور نظام انہضام کو متوازن رکھتی ہے۔
پیاز میں شامل اینٹی آکسیڈنٹس دماغی خلیات کو آکسیڈیٹیو تناؤ سے محفوظ رکھتے ہیں، جس سے یادداشت بہتر ہوتی ہے اور الزائمر جیسے امراض کے خطرات میں کمی آ سکتی ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق کچی پیاز میں موجود سلفر کمپاؤنڈز ہڈیوں کی کثافت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں، خصوصاً مینوپاز کے بعد خواتین میں ہڈیوں کے بھربھرے پن (Osteoporosis) سے تحفظ دیتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس بتاتی ہیں کہ پیاز میں موجود کوئرسیٹن، فلاوونائڈز اور سلفر مرکبات آنتوں، معدے اور پروسٹیٹ کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکتے ہیں اور قدرتی مدافعتی ردعمل کو بڑھاتے ہیں۔
ماہرین غذائیت مشورہ دیتے ہیں کہ روزمرہ غذا میں کچی پیاز کو سلاد، دہی، چٹنی یا سبزیوں کے ساتھ شامل کرنا صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔ اگرچہ کچھ افراد کو اس کی تیز خوشبو سے پریشانی ہو سکتی ہے، لیکن طبی فوائد کے اعتبار سے یہ ایک نہایت سستا اور موثر قدرتی علاج ہے۔
