ملتان( روزنامہ قوم) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق معیاری اور آلودگی سے پاک روئی کی قیمت مقامی اور عالمی منڈیوں میں زیادہ ملتی ہے۔ آلودگی سے پاک صاف چنائی والی کپاس کو خریدار زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ آلودگی اور نمی سے پاک خشک کپاس کی مارکیٹ میں زیادہ مانگ ہوتی ہے۔ کاشتکار آلودگی سے پاک کپاس کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔کپاس کی چنائی سورج کی روشنی میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کریں۔ چنائی پودے کے نچلے حصے سے شروع کریں۔ چنائی کرنے والی عورتیں جھولی اور سر پر باندھنے کیلئے صاف ستھرا سوتی کپڑا استعمال کریں۔ پھٹی کو گیلی اور سایہ دار جگہوں پر نہ رکھیں بلکہ دھوپ میں خشک جگہ پر سوتی کپڑا یا ترپال وغیرہ بچھا کر رکھیں۔ پھٹی کی جننگ فیکٹری تک ترسیل کیلئے صرف سوتی بورے یا کھلی ٹرالی (جو سوتی کپڑے سے بنی ہو) استعمال کریں۔ پٹ سن یا پولی پراپلین کے بورے ہرگز استعمال نہ کریں۔
