ضلع تونسہ شریف ( نمائندہ قوم ) کوہ سلیمان موضع شہید بستی جعفرانی کوہِ سلیمان کے پسماندہ علاقے موضع شہید بستی جعفرانی میں پینے کے صاف پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ رواں سال بارشیں نہ ہونے کے باعث علاقے کے تمام تالاب مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی اور مویشی دونوں پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ مسئلہ نیا نہیں بلکہ گزشتہ تقریباً 70 برسوں سے اہلِ علاقہ تالابوں کے پانی پر ہی انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔ تاہم بارشوں کی کمی کے باعث اس مرتبہ صورتحال انتہائی سنگین شکل اختیار کر چکی ہے۔ کئی میل تک پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام اور منتخب نمائندوں کو آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی مؤثر اور مستقل حل سامنے نہیں آ سکا۔ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں بھی گھروں میں پینے کا صاف پانی میسر نہ ہونا مقامی افراد کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔اہلِ علاقہ نے حکومتِ وقت اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں، واٹر سپلائی اسکیم متعارف کرائی جائے یا ٹیوب ویل نصب کیے جائیں تاکہ اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو انسانی صحت اور مال مویشی کے لیے مزید سنگین خطرات جنم لے سکتے ہیں۔







