ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ کے علاقے چوٹی زیریں میں دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں اسکول کے بچوں کو لے جانے والے رکشے میں ایک بچی کا دوپٹہ اچانک گاڑی کی چین میں پھنس گیا۔ چند ہی لمحوں میں حادثہ اس قدر شدید ہو گیا کہ 10 سالہ بچی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق رکشہ معمول کے مطابق بچوں کو اسکول لے جا رہا تھا کہ اچانک ایک بچی کا دوپٹہ چین میں الجھ گیا، جس سے توازن بگڑا اور المناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی نقل و حمل کے لیے محفوظ انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور رکشوں سمیت دیگر سواریوں میں حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کروایا جائے۔ شہریوں نے والدین اور خصوصاً خواتین سے بھی اپیل کی ہے کہ موٹر سائیکل یا رکشے میں سفر کے دوران دوپٹہ یا چادر کو مکمل طور پر سنبھال کر رکھیں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔ واقعے نے ایک بار پھر ٹریفک سیفٹی اور احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے، تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔







