کوٹ چھٹہ (خبرنگار،سپیشل رپورٹر) ڈیرہ سے راجن پور جانے والی تیز رفتار الفرید بس نےبے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو روند ڈالا، ایک گھر کے تین افراد ماں، بیٹا اور عزیزہ جاں بحق ہوگئے۔مشتعل افراد نے بس کو آگ لگانے کی کوشش کی تو ریسکیو 1122 ،پٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تفصیل کے مطابق بستی ملانہ چاہ منڈے والا کا رہائشی 18سالہ نوجوان محسن عباس لڈی کھوسہ اپنی والدہ لیلیٰ بی بی اور عزیزہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر مین انڈس ہائی وے پر جا رہاتھا کہ بستی ملانہ اڈا کے نزدیک سامنے سے آنے والی تیز رفتار الفرید بس بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سوار پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں محسن عباس اور اس کی والدہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ عزیزہ ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ علاقہ مکینوں نے الفرید بس کی تیز رفتاری اور آئے روز ایسے حادثات پر شدید غم و ٖغصہ کا اظہار کر تے ہوئے بستی ملانہ میں ہونے والے حادثہ پر تین افراد کی ہلاکت کے بعد بس کو نذر آتش کرنے کی بھی کوشش کی گئی جو ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس نے ناکام بنا دی اور بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ انڈس ہائی وے، جسے قاتل روڈ بھی کہا جاتا ہےایک بار پھر قیمتی جانیں نگل گئی۔ روڈ کی سائیڈیں مرمت نہ ہونے، تیز رفتاری، ناقص ٹریفک مینجمنٹ اور عدم احتیاط کے باعث یہ شاہراہ آئے دن حادثات کا شکار رہتی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ہائی وے پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔کوٹ چھٹہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
قاتل روڈ
