اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان خلائی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مستقبل کی عالمی مسابقت میں کوانٹم ٹیکنالوجی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔
اے آئی رائیز ایکسپو 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ’’اڑان پاکستان‘‘ کے ای پاکستان ستون کے تحت ملک کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے کوانٹم کمپیوٹنگ، نینو ٹیکنالوجی اور نیو مینوفیکچرنگ کے تین نئے قومی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کوانٹم ویلی پاکستان کو ڈیپ ٹیک معیشت کا مرکز بنائے گی، جبکہ حکومت کا ہدف پاکستان کو ٹیکنالوجی سے لیس اور عالمی سطح پر مسابقتی قوم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل میں پاکستان کی معیشت کا اہم ستون ثابت ہوگی اور وہی ممالک عالمی قیادت کریں گے جو ٹیکنالوجی میں سبقت حاصل کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان وژن کے تحت برآمدات، ڈیجیٹل معیشت اور جدت کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، جبکہ صنعتوں کی جدید کاری کے لیے روبوٹکس کو ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت یونیورسٹیوں کی تحقیق کو صنعت اور برآمدات سے جوڑنے پر بھی کام کر رہی ہے، جبکہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے خوراک، تجارت اور مواصلات کے شعبوں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔







