ملتان(واثق رؤف)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا پنجاب میں کلین اور گرین ریلوے سٹیشن منصوبہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ریلوے کے ذمہ داران نےخاتمہ کے قریب پہنچا دیا۔ریلوے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے درمیان پونے6کروڑور روپے سالانہ کا معاہدہ 6ماہ میں ہی ختم ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ عملہ معاہدہ کے مطابق ملتان کینٹ اور خانیوال ریلوے سٹیشنوں کے دفاتر،پلیٹ فارمز اور ریلوے ٹریکس کی صفائی جبکہ ریلوے واجبات کی ادائیگی نہ کرسکا۔6ماہ سےتنخواہ نہ ملنے پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے عملہ کی صفائی میں دلچسپی ختم حاضری لگا کر غائب ہونا معمول بن گیا۔ذرائع کے مطابق5جون کو وفاقی وزیر ریلوے کے ویژن کے مطابق پنجاب کے اہم اسٹیشنوں کو صاف ستھرا اور مثالی بنانے کے لئے کلین اور گرین منصوبہ کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ملتان سے معاہدہ ہوا تھاجس کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ نے ملتان اور خانیوال اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کے سپروائزری سٹاف سمیت70ورکرز فراہم کرنے تھے۔سٹاف نے ملتان کینٹ اور خانیوال اسٹیشنوں کے تمام پلیٹ فارمز، پلیٹ فارمز کے لئے موجود ریلوے ٹریکس ریلوے یارڈ کی روزانہ کی بنیاد پر مکمل صفائی کرنا تھی۔جبکہ ریلوے نے سالانہ5کروڑ70لاکھ جبکہ ماہانہ47لاکھ50ہزارروپے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ کو ادا کرنا تھے۔لیکن ایک ماہ کے بعد ہی صورتحال خراب ہوگئی جب سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ کی طرف سےاسٹیشنوں پر تعینات سٹاف کو تنخواہ کی ادائیگی نہ کی گئی جس پر سٹاف حاضری لگانے کے بعد ضروری نوعیت کا وہ ویسٹ جو کباڑیہ کے پاس فروخت ہوسکتا تھا اس کو اٹھا لیتا جبکہ دیگر صفائی چھوڑ دیتا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ ایک کے بعد دوسرا پھر تیسرا اور یوں6ماہ گزر گئے سینیٹیشن سٹاف کو تنخواہ نہ مل سکی اب صورتحال یہ ہے کہ دونوں ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی کی حالت ابتر ہے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سٹاف حاضری لگانے کے بعد غائب ہوجاتا ہے۔دوسری طرف ریلوے انتظامیہ نے بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو گزشتہ6ماہ کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی ہےسالڈ ویسٹ مینجمنٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ریلوے کے ذمہ دران کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ سے موجودہ بحران پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے دفتر میں میٹنگ ہوئی لیکن معاملہ حل ہوئے بغیر ہی ختم ہوگیا ریلوے کے ذمہ دران نے صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ نے معاہدہ کے مطابق رقم نہ ملنے کا شکوہ کیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو رقم کی ادائیگی کے لئے ریلوے ہیڈ کوارٹر سے فنڈز جاری ہونے ہیں۔ ڈویژن کے پاس ایسا کوئی انتظام نہیں کہ وہ اپنے طور پر فنڈز جاری کر سکے۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں محکموں کی موجودہ صورتحال سے معلوم ہوتا ہے کہ وفاقی وزیرریلوےمحمدحنیف عباسی کا کلین اینڈ گرین منصوبہ اپنے خاتمہ کے قریب ہے۔ریلوے ملازمین،مسافروں،سماجی حلقوں نے وفاقی وزیر ریلوے سے صورتحال کا نوٹس لینے اور دوسری طرف اسٹیشنوں پر کام کرنے والے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز نے اپنی6ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔







