انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے اردلی روم کا انعقاد کیا۔ڈی جی ایف آئی اے نے اردلی روم میں کشتی حادثات میں ملوث 49 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائیوں پر سماعت کی۔کشتی حادثات میں ملوث 4 انسپکٹرز، 10 سب انسپکٹرز ، 2 اے ایس آئی 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 14 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
کشتی حادثات میں غفلت اور لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا ، محکمانہ احتساب کا مقصد ادارے کو کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے مزید کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ادارے میں احتسابی عمل سے ہی انسانی سمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ غفلت برتنے والے افسران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔






