کسٹم ملی بھگت سے سگریٹ پیپر کی غیر قانونی درآمد، سرکار کو پونے دو کھرب کا نقصان

ملتان (سہیل چوہدری سے) کسٹم افسران کی ملی بھگت سے سگریٹ پیپرکی غیر قانونی درآمد، حکومت کو 174 ارب روپے کا نقصان، باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سمگلروں نے کسٹم کے اعلیٰ افسران کی ملی بھگت سے سگریٹ پیپر کے 200 کنٹینرز کی غیر قانونی طور پر کلیئرنس کی جس کے نتیجے میں حکومت پاکستان کو کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 174 ارب روپے کا شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ الزامات چیف کلکٹر کسٹم جمیل ناصر، کلکٹر کراچی میاں شفیق، کلکٹر کسٹم غلام مصطفیٰ سمیت دیگر افسران پر عائد کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان کنٹینرز میں سے 100 کراچی پورٹ سے اور 100 سست بارڈر سے بغیر کسٹم ڈیوٹی ادا کیے کلیئر کیے گئے۔ ایک کلو سگریٹ پیپر پر کسٹم ڈیوٹی 46 ہزار روپے بنتی ہے، مگر افسران نے مبینہ طور پر فی کنٹینر کلیئر کرنے کے عوض 25 کروڑ روپے رشوت وصول کی۔ یہ معاملہ اس وقت مزید پیچیدہ ہو گیا جب سپرنٹنڈنٹ ارشد منیر نے لاہور میں سگریٹ پیپر کا اربوں روپے مالیت کا سامان ضبط کیا لیکن اس کی تحقیقات نہیں کی گئی کہ یہ کنٹینرز کس ڈرائی پورٹ سے نکلے تھے۔ بعد ازاں حکومت نے اس معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا اور کلکٹر کسٹم لاہور سعید وٹو اور ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس اسد گردیزی کو انکوائری افسران مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم ان افسران کی جانب سے انکوائری مکمل ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور رپورٹ کو دبا دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کسٹم کے اعلیٰ افسران کے نام شامل ہیں جنہیں بچانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا۔یہ سکینڈل پاکستان کی معیشت پر ایک بڑا دھکا ہے کیونکہ غیر قانونی تجارت اور کرپشن کی وجہ سے سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات ٹیکس چوری اور سمگلنگ کو فروغ دیتے ہیںجو ملک کی مالیاتی صحت کو متاثر کرتے ہیں۔ متعلقہ افسران سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔حکومتی سطح پر اس معاملے پر خاموشی اختیار کی گئی ہے، عوامی حلقوں میں اس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے انھوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی خفیہ اداروں سے انکوائری کروائی جائے اور اس کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوئے تو یہ کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل ثابت ہو سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں