ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز میں سمگلنگ کے سب سے منظم اور بااثر نیٹ ورک کی کسٹم افسران پر مشتمل خواتین ٹیم نے سمگلنگ کی ناکام کوشش کو نہ صرف پوری طاقت سے کامیاب بنا دیا بلکہ آصف شہزاد نامی سمگلر کو پکڑنے والے کسٹم آفیسر کو کھڈے لائن بھی لگوا دیا جبکہ کروڑوں روپے کا مال سمگلر کو واپس ہو گیا اور کھیپئے پر کمزور سی ایف آر دے کر سرکاری کھاتہرا کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نومبر کے پہلے عشرے میں آصف شہزاد نامی ایک کھیپیا ایک کلو 650 گرام سونا، 7 آئی فون اور 5 قیمتی ڈائمنڈ سیٹ لے کر فلائٹ نمبر پی اے 417 کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ اترا تو وہاں تعینات ایک آفیسر نے اسے پکڑ کر سمگل شدہ تقریباً 5 کروڑ کا سونا، موبائل سیٹس اور ڈائمنڈ سیٹس برآمد کر لئے۔ اس پھیرے باز سمگلر آصف شہزادکیلئے چونکہ پروٹوکول لگا ہوا تھا اور یہ پروٹوکول ایڈیشنل کلکٹر کسٹم لاہور ایئرپورٹ حنا گل کے حکم پر لگا تھا جسے اس وقت وہاں ڈیوٹی پر موجود ڈپٹی کلکٹر نے گرفتار کرکے سمگل شدہ مال برآمد کر لیا جس پر ایڈیشنل کلکٹر حنا گل نے تانیہ خان کے ذریعے فوری طور مذکورہ آفیسر کو کھڈے لائن لگا دیا اور قبضہ شدہ سامان تبدیل کرا کر ڈمی موبائل، جعلی ملاوٹ شدہ سونا اور نقلی ہیروں کے ہار رکھوا دیئے تاہم چونکہ ایف آئی آر ہو چکی تھی تو آصف شہزاد کو چند دن حراست میں رکھا گیا اور سارا مال و اصل ملزم کو بچا لیا گیا۔ ابھی تک قبضہ شدہ سونے، ہیروں کے سیٹ اور موبائل فونز کا لیب ٹیسٹ نہیں کرایا گیا جو کہ فوری طور پر کرانا ضروری ہوتا ہے۔






