ملتان (وقائع نگار)کسٹمز انفورسمنٹ نے 18.67 ارب روپے کی کرسٹل آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی تفصیل کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی کرسٹل آئس (میتھ ایمفیٹامین) سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ کو موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع پر ایڈیشنل کلکٹر کے ذریعے ہدایت جاری کی گئی کہ فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (ایف ای یو) نوشکی ٹیم تافتان سے کوئٹہ آنے والے ایک مشکوک ہینو ٹرک (06-ویلر، رجسٹریشن نمبر TKR-313، لسبیلہ) کو روکے۔عملے نے گاڑی کی تفصیلی تلاشی لی تو ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے نصب ایک تبدیل شدہ فیول ٹینک سے مشکوک ڈبے برآمد ہوئے۔ گاڑی میں موجود دو افراد، جو خود کو بابل ولد دل مراد اور امین بلوچ ولد حسین (دونوں ساکنان ہوشاب، تحصیل کیچ، تربت، ضلع کیچ) کے طور پر متعارف کرائے، سامان کے بارے میں کوئی تسلی بخش وضاحت نہ کر سکے۔فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نوشکی نے گاڑی اور برآمد شدہ ڈبوں کو اپنے دفتر منتقل کیا۔ مزید تفتیش پر ان ڈبوں سے 300 کلوگرام کرسٹل آئس برآمد ہوئی، جس کی مالیت 18,653,046,300 روپے لگائی گئی۔ اس کے علاوہ، سمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کی مالیت 8,000,000 روپے ہے۔ مجموعی طور پر ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 18.67 ارب روپے ہے۔دونوں ملزمان، بابل (ڈرائیور) اور امین بلوچ کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق، مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس سمگلنگ کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔یہ کارروائی منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کسٹمز انفورسمنٹ کی موثر حکمت عملی اور بروقت عمل دخل کی عکاسی کرتی ہے، جس سے ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔







