کسٹم؛ 3 خواتین افسران کی عجب کرپشن کی غضب کہانی طویل،فلیٹ میں سمگلر سے ڈیل

ملتان(سٹاف رپورٹر)کسٹم ڈیپارٹمنٹ میں تین آفیسرز خواتین کے مبینہ مضبوط ترین کنٹرول کے حوالے سے نت نئی معلومات سامنے آرہی ہیں اور کسٹم کے نچلے درجے کے ملازم ایسے ایسے ناقابل یقین ثبوت دے رہے ہیں کہ سرکاری ریکارڈ دیکھنے کے باوجود یقین نہیں آرہا ۔ملک بھر کے سمگلروں کے ساتھ ڈیل کیلئے اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو کےقراقرم بلاک میں 2500 ڈالر ماہوار کرائے پر دو بیڈ کا انتہائی قیمتی فرنیچر والا فلیٹ افسران نے کرائے پر لے رکھا ہے اور اسی بلاک میں ڈپٹی کلیکٹر تانیہ خان بھی رہائش پذیر ہیں۔ توجہ طلب امر یہ ہے کہ جب جنید جلیل کراچی میں تعینات تھے تو ان کی کراچی کے تمام تر ڈیلیں تانیہ خان ہی کے ذریعے ہوتی تھیں اور جب جنید جلیل ترقی پا کر اسلام آباد میں ممبر کسٹم تعینات ہو گئےتو تانیہ خان بھی اسلام آباد بلا لی گئیں اور اب ملک بھر کے کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی اور تعیناتی کے مالک انہی کے کنٹرول میں ہیں۔ جونیئرافسر ہونے کے باوجود انہیں ڈبل کیبن ویگو ڈالا ملا ہوا ہے۔ حنا گل کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں انہوں نے ایئرپورٹ کا چارج سنبھالتے ہی طیبہ معید کیانی کی مشاورت سے اپنے مہرے فٹ کر رکھے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ حنا گل کو ایک سینئر کسٹم آفیسر حارث انصاری کی چھترچھایہ حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ کھل کر کھیل رہی ہیں۔ اسی لئےمتعدد شکایات جن کے ساتھ ثبوت بھی لف ہیں، اعلیٰ حکام کوبھجوائے جانے کے باوجود کارروائی تو دور کی بات اسکے برعکس اچھی اور کمائی والی پوسٹنگ مل رہی ہے جبکہ طیبہ معید کیانی کو ڈی جی کسٹم باسط عباسی کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ باسط عباسی جنہیں کسٹم میں حصے کی تقسیم کے حوالے سے بہت’’ ایماندار‘‘ ماناجاتا ہے ،گریڈ 20 میں ہونے کے باوجود ڈی جی کسٹم کی گریڈ 21 کی سیٹ پر براجمان ہیں ۔جبکہ ان کے سینئر آفیسرز ان کے ماتحت کام کر رہے ہیں ۔توجہ طلب امر یہ ہے کہ طیبہ معیدکیانی کے خلاف کرپشن کی انکوائریاں بھی چل رہی ہیں جن میں سنگین نوعیت کی کرپشن کے مقدمہ ثبوت لف ہیں مگر وہ بہترین سے بہترین پوسٹنگ لیتی جا رہی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں