کرسٹیانو رونالڈو فاسٹ اینڈ فیوریس فرنچائز کا حصہ بن گئے، ہالی ووڈ میں بڑا ڈیبیو

دنیا کے نامور فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اب ہالی ووڈ کی مشہور ایکشن فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس میں نظر آئیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو کو فلم فاسٹ ایکس: پارٹ 2 میں کاسٹ کر لیا گیا ہے، جو اس مقبول فرنچائز کی آخری فلم ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فلم اپریل 2027 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، جس کے ساتھ ہی فاسٹ اینڈ فیوریس کی مرکزی کہانی اپنے اختتام کو پہنچے گی۔ 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کی شمولیت کو کھیل اور فلمی دنیا کے درمیان ایک منفرد اشتراک قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ ان کی پہلی بڑی ہالی ووڈ بلاک بسٹر فلم ہوگی۔
فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز پہلے ہی ریکارڈ توڑ کامیابیوں کے لیے جانی جاتی ہے، اور اب ایک عالمی فٹبال آئیکون کی شمولیت نے فلم کے چرچے مزید بڑھا دیے ہیں۔ فلم کے دیگر اداکاروں نے بھی رونالڈو کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔
اداکار ٹائریس گبسن نے فلم کے سیٹ سے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کی آمد نے فرنچائز کو نئی توانائی دی ہے۔ جبکہ ون ڈیزل نے اس بات کی تصدیق کی کہ رونالڈو کے لیے فلم میں ایک خصوصی کردار تخلیق کیا گیا ہے اور یہ فیصلہ محض تشہیر کے لیے نہیں کیا گیا۔
اگرچہ رونالڈو کے کردار کی تفصیلات ابھی منظرِ عام پر نہیں آئیں، تاہم یہ طے ہے کہ سات ارب ڈالر سے زائد کمائی کرنے والی اس سیریز کی آخری فلم میں اسٹار پاور اپنے عروج پر ہوگی، جہاں رونالڈو کے ساتھ ون ڈیزل، ڈوین جانسن، جیسن اسٹیتھم اور مشیل روڈریگز ایک ہی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں