آج کی تاریخ

منگل، 24 جون، 2025

کراچی: ہاکس بے سمندر میں نہاتے ہوئے 3 نوجوان ڈوب گئے، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی کے علاقے ماڑی پور تھانے کی حدود ہاکس بے سینڈازپٹ ہٹ نمبر ایس 67 کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 3 نوجوان بلند لہروں کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔ واقعے کے فوراً بعد لائف گارڈز اور ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکال لیا جبکہ ایک کی لاش برآمد کر لی گئی۔ تیسرا نوجوان تاحال لاپتہ ہے اور اس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بے ہوشی کی حالت میں نکالے گئے نوجوان اور جاں بحق ہونے والے کی لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او ماڑی پور سردار عباسی کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت علی حسن جبکہ بے ہوش نکالے گئے نوجوان کی شناخت فرحان شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ لاپتہ تیسرے نوجوان کا نام جمیل نوید بتایا گیا ہے۔
تینوں نوجوان نارتھ کراچی کے رہائشی تھے اور پکنک کے لیے ہاکس بے آئے تھے جہاں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو ٹیم تاحال لاپتہ نوجوان کی تلاش میں مصروف ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں