آج کی تاریخ

کراچی میں کریڈٹ کارڈ کا جھانسہ دے کر بینک ملازمہ سے مبینہ زیادتی

کراچی کے علاقے بہادر آباد، دھوراجی شیرپاؤ بستی میں 26 سالہ بینک ملازمہ سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ بہادر آباد تھانے میں درج کر لیا گیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ بینک میں گاڑیوں کی لیزنگ اور کریڈٹ کارڈ بنانے کا کام کرتی ہے۔ 7 جولائی کو مہزور نامی شخص نے کریڈٹ کارڈ کے لیے رابطہ کیا اور 10 اگست کو دھوراجی میں نجی اسپتال کے قریب بلایا۔ وہاں پہنچنے پر اسے ایک مکان میں لے جایا گیا جہاں ایک مرد اور ایک خاتون پہلے سے موجود تھے۔
بیان کے مطابق متاثرہ خاتون کو جوس پلایا گیا جس سے وہ نیم بے ہوش ہو گئی، پھر اسے بیڈ پر باندھ کر مبینہ زیادتی کی گئی اور ویڈیو بھی بنائی گئی۔ ملزم نے دھمکی دی کہ دوبارہ نہ ملنے پر ویڈیو وائرل کر دے گا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
خاتون مکان سے نکل کر رکشے کے ذریعے جناح اسپتال پہنچی۔ ایس ایچ او بہادر آباد نوید سومرو کے مطابق متاثرہ نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو نہیں دی، تاہم ایم ایل او کی اطلاع پر پولیس اسپتال پہنچی اور بیان قلمبند کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں