کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں پھل فروش سے بھتہ طلب کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق، انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر سب انسپکٹر نعیم اور دو کانسٹیبلز اعجاز اور گلبہار کو معطل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا، جب ایک پھل فروش نے پولیس اہلکاروں پر روزانہ 50 روپے بھتہ لینے کا الزام عائد کیا تھا۔ پھل فروش کا کہنا تھا کہ پیسے نہ دینے پر پولیس اہلکاروں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور موبائل وین میں بیٹھنے کا کہا۔
اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے جوہر آباد میں پھل فروش سے مفت پھل لینے کی ویڈیو وائرل ہونے پر چار پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی عارف اسلم کے مطابق، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مذکورہ اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور محکمہ پولیس کی ساکھ بہتر ہو۔
