آج کی تاریخ

کرائم فری پنجاب، دوسرا مرحلہ شروع، ملک سے فرار عناصر کو واپس لائینگے: سہیل ظفر چٹھہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ جو جرائم پیشہ اور غنڈہ عناصر پاکستان سے باہر جا کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ ناقابل گرفت ہو گئے ہیں وہ بہت بڑی غلطی پر ہیں اور پنجاب بھر میں سی سی ڈی پاکستان سے باہر مقیم ان اوباش اور معاشرے کی بربادی کے ذمہ دار عناصر کو واپس پاکستان لا رہی ہے اور بہت سوں کو لایا بھی جا چکا ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ سہ پہر لاہور کینٹ میں واقع اپنے کیمپ آفس میں روزنامہ قوم ملتان کے چیف ایڈیٹر میاں غفار سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عوام سے براہ راست معلومات حاصل کرنے کی خاطر ایک ٹال فری فون نمبر مخصوص کر رہے ہیں جس پر 24 گھنٹے معلومات حاصل کی جائیں گی اور معلومات دینے والے کا نام مکمل رازداری میں رکھا جائے گا تاہم پنجاب کے عوام کو بھی اس امر کا خصوصی خیال رکھنا ہو گا کہ چھوٹے موٹے جرائم اور اخلاقی جرائم کے حوالے سے سی سی ڈی کو معلومات دے کر ہمارا وقت ضائع نہ کریں کیونکہ سی سی ڈی اپنے ٹارگٹ پر عمل پیرا ہے اور ہماری اولین ترجیح کرائم فری پنجاب کے نعرے کو یقینی بنانا ہے جسے بہت حد تک یقینی بنانے میں ہم اللہ کے فضل و کرم سے کامیاب ہو چکے ہیں اور اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ اب سی سی ڈی کے افسران اور عملے سے بھی یہ توقع کی جائے گی کہ کسی بھی قسم کی کوئی ناجائز کارروائی نہ ہو اور کسی ایسے شخص کا نقصان نہ ہو جو سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث نہیں ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ انہوں نے ایک متبادل اور متوازی نیٹ ورک بھی تشکیل دے رکھا ہے جو کہ صوبہ بھر میں سی سی ڈی کے افسران اور عملہ بارے بھی مصدقہ معلومات فراہم کر رہا ہے اور انہوں نے مانیٹرنگ کا ایک منظم نیٹ ورک بنانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جس نے کام شروع کر رکھا ہے اور جہاں انہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معلومات مل رہی ہیں وہیں پر اگر سی سی ڈی کا کوئی بھی اہلکار یا آفیسر اپنی ڈومین سے باہر جاتا ہے تو یہی مانیٹرنگ نیٹ ورک ہمیں فوری آگاہ کر دیتا ہے اس طرح ہم جہاں معلومات کی متوازی ذرائع سے تصدیق کر لیتے ہیں اسی طرح ہمیں سی سی ڈی سے وابستہ عملے بارے بھی معلومات مل جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منشیات فروشی کے حوالے سے بھی انہیں بہت سی معلومات مل رہی ہیں جو اندراج کے بعد پنجاب پولیس کی کمانڈ اور کنٹرول کو فراہم کر دی جاتی ہیں۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی ڈیپارٹمنٹ نے محض تین ماہ کے قلیل عرصے میں اس قسم کا چیلنج قبول کرتے ہوئے رزلٹ دیا ہو اور اس کے لئے سی سی ڈی پنجاب کے مستعد آفیسرز اور اہلکاروں کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہو ں نے سی سی ڈی ملتان کے حوالے سے کہا کہ ملتان کے اندرون شہر میں جو کچھ ہوتا رہا ہے وہ اس سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس وقت اندرون ملتان کے مختلف علاقوں میں جو امن ہوا ہے اس میں مزید بہتری آئے گی اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پنجاب میں کوئی علاقہ تو درکنار کوئی ایسی گلی بھی نہیں رہی جسے نو گو ایریا کہا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں