کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح، وزیراعظم کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی مضبوطی، روزگار کے مواقع اور آمدنی میں اضافہ اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک صنعتی شعبہ ترقی نہ کرے۔
نجی شعبے کی قائم کردہ صنعتی ترقی کمیٹی کے پہلے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی شعبے کے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔ اجلاس میں کمیٹی نے مختلف تجاویز پیش کیں جن کا وزیراعظم نے خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروبار میں سہولت پیدا کرنا اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، اور یہ قابلِ تعریف ہے کہ صنعتکاروں نے بھرپور محنت سے سفارشات تیار کیں۔ ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر عملی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری نے مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دیا اور ملکی معیشت کو بحران سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے معیشت کی سمت درست ہے اور ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم اس سفر کو تیز کرنے کے لیے مزید محنت درکار ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، جام کمال خان، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور ثاقب شیرازی کی سربراہی میں صنعتی ورکنگ گروپ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی صنعتی مسابقت بڑھانے کے لیے علاقائی ممالک سے تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے صنعتی اور معاشی شعبوں سے متعلق نئی تجاویز کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں قومی پالیسی فریم ورک کا حصہ بنایا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں