کراچی: آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مختلف مذاہب اور سماجی طبقات سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف حکومت یا ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو ایسا اختیار حاصل نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مختلف مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں جنہیں آئینی حقوق حاصل ہیں، کیونکہ ملک میں قومی اتحاد، مساوات اور ہم آہنگی ہی ترقی اور سلامتی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے لیکن پاک فوج جدید حکمت عملی کے ساتھ دشمن کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ نسلی یا لسانی تعصبات قوم کی ترقی میں رکاوٹ ہیں، تمام پاکستانی برابر ہیں اور اتحاد ہی ہماری طاقت ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ جہاد کا اعلان صرف سرکاری سطح پر کیا جا سکتا ہے، نجی افراد یا گروہوں کو ایسا کرنے کا حق نہیں۔
ملاقات میں شامل مختلف مذہبی اور سماجی طبقات نے اس اقدام کو سراہا اور مستقبل میں ایسے اجلاسوں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔
