ملتان(شاہد صدیق/ جنرل رپورٹر)پیشہ ورانہ فرائض میں غفلت برتنے پر ملتان سے دو سال قبل سزا کے طور پر لاہور ٹرانسفر کئے جانے والے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم ایک بار پھر ملتان کی ڈسٹرکٹ سپورٹس کے جھولے جھول رہے ہیں ۔حسن اتفاق یہ بھی کہ عدنان نعیم کو جس اعلیٰ بیوروکریٹ کے حکم پر ملتان سے لاہور جبری ٹرانسفر کیا گیا تھا اس وقت وہ اعلیٰ افسر عامر کریم خان ملتان میں ڈپٹی کمشنر تعینات تھے اور اب وہ ترقی پا کر کمشنر ملتان کے اعلیٰ ترین عہدے پر براجمان ہیں اور عدنان نعیم سپورٹس بورڈ پنجاب کی سنیارٹی لسٹ میں جونیئر تحصیل سپورٹس آفیسرہونے کے باوجود پنجاب سپورٹس بورڈ کے ایک اہم افسر کے ساتھ قریبی روابط ہونے کے باعث ملتان میں دوبارہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کا چارج حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن سپورٹس حلقے اس حوالے سے حیرانگی کا اظہار کر رہے ہیں کہ جس سپورٹس افسر کو غفلت برتنے کی بنیاد پر ملتان سے جبری ٹرانسفر کیا گیا تھا اور مستقبل میں کسی اہم عہدے پر تعینات نہ کیے جانے کے لیے کہا گیا تھا اسے کیسے دوبارہ سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کا چارج سونپ دیا گیا۔ یہ کہا جارہا ہے عدنان نعیم پر سب سے بڑی سرزنش پیڈا بھی عائد کیا گیا اس کے باوجود دوبارہ سے جنوبی پنجاب کے اہم ترین ڈویژن ملتان کے مرکزی ڈسٹرکٹ ملتان کا افسر کیونکر تعینات کر دیا گیا۔
