ڈیرہ غازی خان (ڈسڑکٹ رپورٹر )موٹر سائیکل کے چالان پر ایک شہری کا انوکھا احتجاج دیکھنے میں آیا۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مصروف علاقے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک موٹر سائیکل سوار کو چالان کیا گیاجس پر شہری شدید دلبرداشتہ ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق چالان ہونے کے بعد شہری نے احتجاجاً سڑک پر کھڑی الیکٹرو بس کے سامنے لیٹ کر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ اس موقع پر شہری نے کہا کہ وہ ایک غریب آدمی ہے اور اتنی بھاری رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ اس نے بار بار یہ مؤقف اختیار کیا کہ مہنگائی کے اس دور میں اس کے لیے چالان کی رقم ادا کرنا انتہائی مشکل ہے۔واقعے کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور موقع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا۔ کچھ افراد نے شہری کو سمجھانے کی کوشش کی جبکہ دیگر نے اس کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ بعد ازاں ٹریفک پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد نے مل کر شہری کو سڑک سے ہٹایا اور صورتحال کو قابو میں کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی تھی جس کی بنا پر چالان کیا گیا، تاہم انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جائے گا۔






