ڈیرہ لادی گینگ نے پھر ہتھیار اُٹھا لئے، بستی پر دھاوا، 2 نوجوان اغواء، 10 ملین تاوان

ڈیرہ غازی خان (سپیشل رپورٹر) لادی گینگ کے ڈاکوؤں نے ایک بار پھر ہتھیاراٹھاکروارداتیں شروع کردیں، معاویہ کی سربراہی میں 7 رکنی گینگ کا بھاری اسلحہ سے لیس ہو کر بستی کوچھہ وڈانی میں دھاوا، اندھا دھند فائرنگ سے لوگوںنے گھروں میں چھپ کر جان بچائی، ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر دو افراد کو اغوا کر لیا اور جاتے ہوئے موٹر سائیکل بھی چھین کر لے گئے، پولیس تھانہ صدر ایس ایچ او ملک یونس کی سربراہی میں بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ ڈاکو واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے دونوں مغوی نوجوانوں کی رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا ۔لادی گینگ کے ڈاکوئوں سے مغویوں کی رہائی کے لیے ان کے سہولت کاروں کے ذریعے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف لادی گینگ کی طرف سے ایک بار پھر سے وارداتوں کا سلسلہ شروع کرنے پر عوام الناس خوف کے باعث انتہائی پریشانی کا شکار ہو کر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق مغویان ساحل وڈانی اور دانیال وڈانی کو جلد بازیابی کیلئے مشکوک جگہوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس ایچ او تھانہ صدر ملک یونس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مغویان کی بازیابی کیلئے آفیسران بالا کی مشاورت سے سرچ آپریشن جاری ہے ذرائع کے مطابق لادی گینگ کے ڈاکوؤں کے ساتھ تاوان کی رقم کم کرنے کیلئے بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور آخری اطلاع کے مطابق تاحال مغویان کی رہائی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان سے ڈاکوؤں نے مشروط کردیاہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں