ڈیرہ غازیخان(قو م نیوز)ڈیرہ غازیخان کی نواحی بستی چک دوداڑہ میں انسانیت ایک بار پھر شرما گئی، مبینہ طور پر بااثر زمیندار نے پانچ سالہ معصوم بچے پر تین پاگل کتے چھوڑ دیئے۔ ظلم و بربریت کی اس لرزہ خیز واردات نے پورے علاقے کو غم و غصے کی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ تھانہ چوٹی زیریں کی حدود میں پیش آیا، طاقت کے نشے میں چور افراد نے ایک بےقصور بچے کو اپنی انا کا نشانہ بنا ڈالا۔عینی شاہدین کے مطابق معصوم بچہ گاؤں کے قریب کھیل رہا تھا کہ بااثر افراد نے مبینہ طور پر ذاتی رنجش پر تین خطرناک باؤلے کتے اس پر چھوڑ دیئے۔ جان لیوا حملے سے بچہ زخمی ہو گیا۔ چیخ و پکار سن کر اہلِ علاقہ موقع پر پہنچے اور بمشکل بچے کو کتوں سے بچا کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ڈاکٹروں کے مطابق بچے کے جسم پر متعدد گہرے زخم آئے ہیں اور وہ جسمانی و ذہنی صدمے میں ہے ۔بچے کا ابتدائی طبی معائنہ جاری کردیا گیا ہے۔متاثرہ خاندان کی درخواست پر تھانہ چوٹی پولیس نے غلام یاسین اور اویس نامی بااثر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ایس ایچ او علی عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد ہی قانون اپنا راستہ لے گا۔
