ڈیرہ غازی خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر) تونسہ روڈ قصبہ کالا کے قریب نجی پیٹرول پمپ کے ساتھ المناک حادثہ، تیز رفتار ٹرالر نے کار کے پرخچے اڑا دئیے۔ 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے نواحی علاقہ قصبہ کالا تونسہ روڈ پر نجی پیٹرول پمپ کے ساتھ رات کے اوقات میں تیز رفتار ٹرالر ڈرائیور نے غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف سمت کو جانے والی کارکو ٹکر مار کر اس کے پرخچے اڑا دئیے۔کار میں سوار پانچوں شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جنکا تعلق دری ڈھولے والی سے بتایا گیا ہے۔جاں بحق افراد کے نام طاہر ولد پیر بخش سنجرانی،الیاس ولد بلال دستی،ضیا ولد سراج دستی زبیر ولد عبد الرشید چکرانی اورعاصم ولد قاسم معلوم ہوئے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کرنعشوں کو پیک کرکے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ منتقل کیا۔پولیس نے وقوع کا جائزہ لیتے ہوئے ٹرالر قبضہ میں لیکر قانونی کاروائی مکمل کرلی ہے جبکہ ٹرالر ڈرائیور موقع سےفرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بعد ازاں جا ں بحق افرادکی لاشیںجب انکے آبائی علاقہ پہنچیں تو ہر طرف کہرام برپا ہو گیا اور ہر آنکھ اشک بار نظر ائی۔ شہید ہونے والے پانچوں افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں کثیر تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی اور مرحومین کے لئے مغفرت کی دعا کی گئی۔
