ڈپٹی کلکٹر احمد ظہیر کی سمگلر سے 22 لاکھ نقد ،2ایپل واچ میں ڈیل ، خالی ڈبوں کا انوکھا کیس

ملتان(سٹاف رپورٹر) ملتان ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم کے ڈپٹی کلکٹر احمد ظہیر جو کہ ملتان ایئرپورٹ کے انچارج بنائے گئے ہیں، کے بارے مزید معلوم ہوا ہے کہ پانچ سال قبل ڈرائی پورٹ فیصل آباد کے انچارج کے طور پر انہوں نے کرپشن کی اور امپورٹر کے ساتھ مل کر حکومتی خزانے کو ڈیوٹی ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جس پر ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہوئی جبکہ اس سے پہلے کسٹم نے محکمانہ انکوائری کی جس میں وہ قصوروار ثابت ہوئے پھر ایف آئی اے نے بھی ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ اس وقت جوہر ٹائون کینال بنک لاہور کے ایک معروف نجی ہسپتال کے مالک جو احمد ظہیر کے سابق سسر تھے، نے ملک کی ایک طاقتور ترین سابق شخصیت کی مداخلت سے انہیں نہ صرف ملازمت سے برخاست ہونے سے بچا لیا بلکہ انکوائری بھی رکوا دی تاہم یہ انکوائری ختم نہ ہوئی اور کارروائی اب بھی التوا ہی میں ہے جس کی تلوار ان کے سر پر اب بھی لٹک رہی ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کلکٹر ملتان ایئرپورٹ احمد ظہیر نے اس اپنے سابق سسر ڈاکٹر کے نام پر لوٹ مار شروع کر دی اور اپنے محکمے کے افسران کو بھی بلیک میل کیا جس پر مذکورہ ڈاکٹر جو کہ لاہور کی معروف ترین شخصیت ہیں کی بیٹی نے مزید بدنامی سے بچنے کیلئے احمد ظہیر سے طلاق لے لی۔ بعد میں احمد ظہیر ایک سابق ممبر کسٹم جو کہ انتقال کر چکے ہیں کی چھتر چھایہ میں چلے گئے اور پھر سے کرپشن شروع کر دی۔ احمد ظہیر جو کہ دوسری مرتبہ ملتان تعینات ہوئے ہیں، نے دو روز قبل بھی دبئی سے آنے والے ایک مسافر کو روکا جو کہ ان کے نیٹ ورک کا حصہ نہ تھا، سے 40 آئی فون موبائل برآمد ہوئے جبکہ 8 ایپل واچ مالیتی تین لاکھ روپے فی کس برآمد ہوئیں اس پر احمد ظہیر نے سودے بازی شروع کر دی اور پھر 22 لاکھ روپے نقد اور مبینہ طور پر چھ لاکھ روپے مالیت کی دو ایپل گھڑیوں پر “بولی” رک گئی۔ موبائل فون واپس کرکے 40 خالی ڈبوں کا کیس بنا کر کسٹم کی تاریخ میں ایک نئے فراڈ کا اضافہ کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ مسافر ایئر بلیو کی فلائٹ سے ملتان آیا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ احمد ظہیر کی ملتان میں موجودہ تعیناتی طیبہ کیانی ہی نے کروائی ہے۔ فیصل آباد میں جس کرپشن پر احمد ظہیر کے خلاف ایف آئی آر ہوئی تھی اس کا کھیپ نمبر 9479653۔00LU ہے۔ اس کھیپ میں سنگاپور سے ممنوعہ اشیا، جان بچانے والی ادویات اور طاقت کی ادویات شامل تھیں ۔یہ مال فیصل آباد کے سمگلر زاہد علی نے منگوایا تھا۔ اس سے قومی خزانے کو 12 اعشاریہ 2 ملین کا نقصان ہوا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں