اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ نے یقین دلایا ہے کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں معاونت جاری رکھے گا، خاص طور پر اس وقت جب سی پیک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور پاکستان کے کلیدی اقتصادی شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی اور ہمہ موسمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر صدر شی کو مبارکباد دی اور فسطائیت مخالف جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر بھی نیک خواہشات پیش کیں۔ شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کی ترقی پر فخر ہے اور وہ ہر مرحلے میں چین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) کے اہم منصوبے، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو خطے کی ترقی کے لیے بنیادی قرار دیا اور کہا کہ پانچ نئی راہداریوں کے ساتھ سی پیک کے اگلے مرحلے کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک-چین تعلقات منفرد اور بے مثال ہیں، جنہیں مزید وسعت دینا دونوں ممالک کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو اگلے سال پاک-چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم کا روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کا شیڈول ہے، جس میں علاقائی تعاون اور اقتصادی روابط پر تبادلہ خیال ہوگا۔ علاوہ ازیں، وزیراعظم بیجنگ کے ایک اسپتال کا دورہ کریں گے اور چین کے بڑے کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ دورہ پاک-چین تعلقات اور خطے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف جو اس وقت چین کے سرکاری دورے پر ہیں، نے آج بئیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ اپنی انتہائی خوشگوار ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اور ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی… pic.twitter.com/s4ljdXVJry
— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 2, 2025