چیمپئنز ٹرافی،2025 بھارت کی جانب سے پاکستان کی تجویزمسترد کیے جانے کا امکان

چیمپئنز ٹرافی،2025 بھارت کی جانب سے پاکستان کی تجویزمسترد کیے جانے کا امکان

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی تجویز پر عمل کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایونٹس کو نیوٹرل وینیوز پر منعقد کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم بھارت میں سکیورٹی خدشات نہ ہونے کی وجہ سے یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارت اس تجویز کو تسلیم نہیں کرے گا۔

مزید براں، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر بھارت ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہیں کرتا تو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا عندیہ دے سکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے بھارت سے تحریری ضمانت کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹس میں شرکت کرے گا۔ اگر بھارت تحریری ضمانت فراہم نہیں کرتا، تو اس معاملے پر حتمی فیصلہ آئی سی سی کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ابھی تک آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کی تجاویز پر کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا۔ تاہم یہ تجاویز زیر غور ہیں، اور اگلے چند دنوں میں ان پر بات چیت کا امکان ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کرتا، تو پاکستان بھی بھارت میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا، یہ ممکن نہیں کہ بھارت پاکستان نہ آئے اور پاکستان بھارت میں کھیلنے جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ تین سالوں کے دوران پاک بھارت کرکٹ میچز کو نیوٹرل وینیوز پر کرانے کی تجویز دی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے تعلقات کو بہتر بنایا جا سکے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں