چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا مظفرآباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا اعلان

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے مظفرآباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی منظوری دی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
اجلاس میں پی ایس ایل لندن اور نیویارک روڈ شوز کی کامیابی پر محسن نقوی اور ٹیم کی محنت کو سراہا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورے کو جاری رکھنے میں چیئرمین کی ذاتی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ یہ کامیابیاں پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہیں، اور پی ایس ایل کو انٹرنیشنل برانڈ بنانے کے لیے سب نے انتھک محنت کی ہے۔
چیئرمین نے بتایا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل 11 کے میچز کروائے جائیں گے اور مستقبل میں یہاں انٹرنیشنل کرکٹ میچز بھی ہوں گے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر بھی منصوبہ بندی میں ہے۔
اجلاس میں ریجنل لیول پر کلبز کی اسکروٹنی، آئی سی سی ویمنز و مینز کرکٹ ٹورنامنٹس، ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے، اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس و میچز کی تعداد بڑھانے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ کے دیگر ممبران، پی سی بی اور پی ایس ایل کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں