چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی تقرری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، سرچ کمیٹی نے تین امیدواروں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں قائم سرچ کمیٹی نے امیدواروں کے تفصیلی انٹرویوز مکمل کیے، جس کے بعد حتمی منظوری کے لیے سمری وزیراعظم کو بھجوائی گئی۔ وزیراعظم تین ناموں میں سے ایک امیدوار کا انتخاب کریں گے جس کے بعد نئے چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری عمل میں آئے گی۔ سمری میں این ای ڈی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، قائداعظم یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کا عہدہ جولائی سے خالی ہے جبکہ اس وقت سیکرٹری وزارتِ تعلیم ندیم محبوب قائم مقام چیئرمین کے طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔







