ملتان(عامرملک سے)چھ اکتوبر 2025 ملتان کی 30 سالہ تاریخ میں وہ واحددن تھا جس دن ملتان میں کوئی ڈکیتی، چوری یا کوئی بھی بڑی واردات نہیں ہوئی اور صرف ملتان ڈویژن سے مجھے کرائم کنٹرول کے حوالے سے جو روزانہ رپورٹس ملتی ہیں وہ بہت ہی حوصلہ افزاہیں۔ ان خیالات کا اظہار سی سی ڈی ملتان کے ریجنل آفیسر کامران عامر خان نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جہاں کرائم کنٹرول ہوا ہے وہیں پر ہی ہمارے ہی نیٹ ورک میں شامل ٹیم بار ےشکایات بھی ملتی ہیں جس کا سد باب ہنگامی بنیادوں پر کیا جاتا ہے اور سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے بھی اس حوالے سے ایک معلوماتی نیٹ ورک بنا رکھا ہے۔ سی سی ڈی کے خوف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف ،معزز اور امن پسند شہریوں کو سی سی ڈی سے کسی قسم کا خوف نہیں مگر جرائم پیشہ افراد کی راتوں کی نیندیں حرام ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کرائم کنٹرول ہوا ہے۔ کل تک جو اپنے اپنے علاقوں کے لیے خوف کی علامت بنے ہوتے تھے آج وہ سر پر ٹوپیاں رکھ کر معافیاں طلب کر رہے ہیں اور مساجد میں بھی جا کر توبہ تائب ہو رہے ہیں ۔میری معلومات کے مطابق اب ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں بھتہ خوری اور سرعام ہراسمنٹ کی شکایات مکمل طور پر ختم ہو گئی ہیں اور اوباش افراد کے ڈیرے ویران ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی نے 100 دن میں اپنا 100 فیصد ٹارگٹ مکمل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور رکاوٹوں کے باوجود کمال کے نتائج ملے ہیں۔ کامران عامر خان نے بتایا کہ سکول، کالج کھل جانے کے بعد اب کہیں بھی لڑکیوں کو تنگ کرنے والے دکھائی نہیں دیتے ۔اوباش اب موٹر سائیکلوں پر خواتین اور طالبات کا پیچھا نہیں کرتے حتیٰ کہ یونیورسٹیوں کی حدود میں بھی بہت صورتحال بہتر ہو چکی ہے۔






