آج کی تاریخ

چھوٹی گاڑیوں کی قیمت میں 5 سے 10 لاکھ روپے تک کمی کا امکان

کراچی: آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر عائد ڈیوٹی میں نمایاں کمی اور موجودہ تین سالہ ایج لیمٹ کو بڑھا کر پانچ سال کرنے کا امکان ہے۔ اس کے نتیجے میں چھوٹی گاڑیوں کی قیمت میں 5 سے 10 لاکھ روپے تک کمی متوقع ہے اور پاکستانی خریداروں کو 20 لاکھ روپے سے کم میں بہتر معیار کی جاپانی گاڑیاں دستیاب ہوں گی۔
خصوصی گفتگو میں ایچ ایم شہزاد نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ پانچ سالوں میں استعمال شدہ گاڑیوں پر عائد بھاری ڈیوٹی اور ٹیکسز میں بتدریج کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گاڑیوں پر مجموعی طور پر 96 فیصد سے 475 فیصد تک بھاری ڈیوٹیز عائد ہیں جنہیں ہر سال 20 فیصد تک کم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر حکومت پانچ سال پرانی گاڑیوں کی درآمد اور کمرشل بنیادوں پر اجازت دے دیتی ہے تو قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ جاپان میں پانچ سال پرانی گاڑیاں تین سال پرانی گاڑیوں کی نسبت تقریباً نصف قیمت پر ملتی ہیں، اس لیے قیمتوں میں 5 سے 10 لاکھ روپے کی کمی ممکن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان میں اسمبل ہونے والی سب سے چھوٹی گاڑی کی قیمت 31 لاکھ روپے ہے، جبکہ یہی ماڈل پڑوسی ملک میں صرف ساڑھے تین لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔ اگر کرنسی کی قدر کے فرق کو مدِنظر رکھا جائے تو پاکستانی صارفین کو یہی گاڑی 13 لاکھ روپے میں پڑتی ہے۔ اگر ڈیوٹی اور ایج لیمٹ میں نرمی کی گئی تو پاکستانی عوام کو 20 لاکھ روپے سے کم میں معیاری گاڑیاں مل سکیں گی۔
ایچ ایم شہزاد نے کہا کہ اگر حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کو اپناتی ہے تو آئندہ سال استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد 70 سے 80 ہزار یونٹس تک پہنچ سکتی ہے جو اس وقت تقریباً 30 ہزار ہے۔ اس سے نہ صرف حکومت کو ریونیو میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا بلکہ مقامی اسمبلرز کی اجارہ داری بھی ختم ہوگی۔
ان کے مطابق اس اقدام سے مقامی مارکیٹ میں مقابلے کی فضا بڑھے گی جس سے مقامی اسمبلرز کو اپنا معیار بہتر بنانا پڑے گا اور ملک میں مکمل مینوفیکچرنگ کی طرف پیش قدمی ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا گیا تو یہ قدم پاکستان کی آٹو انڈسٹری، عوام اور حکومت تینوں کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں