آج کی تاریخ

چُن چُن کر سزائیں دی جا رہی ہیں، کوئی تو ہے جو ڈرا ہوا ہے، علیمہ خان

راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی حلقہ خوف کا شکار ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت تھی، مگر صبح 11 بجے سے وہ اپنی دونوں بہنوں کے ہمراہ جیل کے باہر موجود تھیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن کے 8 سے 9 افراد کو اندر جانے دیا گیا، لیکن وکلا کو سماعت میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک وکیل اپنی ٹیم کے بغیر کیسے مقدمہ لڑ سکتا ہے؟
علیمہ خان نے کہا کہ جج نے واضح ہدایت دی تھی کہ وکلا اور فیملی کو اندر آنے دیا جائے، مگر عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا گیا۔ اُن کے مطابق، اب ججز بھی بے بس نظر آ رہے ہیں اور عدالتی نظام پر دباؤ بڑھ چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حقوق کے لیے خود کھڑا ہونا پڑے گا، اسی لیے تحریک شروع کرنے کی بات کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو خوف ہے کہ عمران خان کی آواز عوام تک نہ پہنچ جائے، اسی لیے ان پر سختی کی جا رہی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ میرے وکلا نے خبردار کیا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے، مگر ہم خوفزدہ نہیں۔ عمران خان مسلسل 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا مطالبہ کر رہے ہیں، جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک عوام خود نہیں نکلیں گے، آزادی کا حصول ممکن نہیں۔ 5 اگست کو اہم دن ہوگا، جس کے لیے منصوبہ بندی مکمل ہے۔ پارٹی اپنا لائحہ عمل دے گی، لیکن عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں