چولستان کی زمینوں پر قبضے ،سرغنہ عظمت اللہ نیازی کا سہولتکار ایس ایچ او لائن حاضر

بہاولپور (کرائم سیل) چولستان کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے سب سے بڑے قبضہ گروپ کے سرغنہ عظمت اللہ نیازی کے سہولت کار ایس ایچ او تھانہ ڈیراور آصف کمبوہ کو ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان نے کلوز لائن کرتے ہوئے ارسلان شاہد سب انسپکٹر کو ایس ایچ او ڈیراور تعینات کردیا۔سابقہ ایس ایچ او آصف کمبوہ نے اپنی چھ ماہ کی تعیناتی کے دوران چولستان چراگاہ کی لاکھوں ایکڑ اراضی کے قبضوں پر قبضہ گروپوں سے پولیس کے اعلیٰ افسران کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرتے ہوئے قبضہ گروپوں کی سرپرستی کی اور درجنوں افراد کی زمینوں پر قبضے کروائے۔چولستان کے سب سے بڑے قبضہ گروپ کے سرغنہ عظمت اللہ نیازی نے سابقہ ایس ایچ او آصف کمبوہ کی سہولت کاری سے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی کے رقبے پر بھی قبضہ کر لیا جس پر ایم این اے سمیع الحسن گیلانی نے قومی اسمبلی میں آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید اور ایس ایچ او تھانہ ڈیراور کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی اور موقف اختیار کیا تھا کہ ایس ایچ او کی ایماء پر عظمت اللہ نیازی وغیرہ نے میرے رقبہ پر قبضہ کرلیا ہے بعد میں چیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے معاملے کو ٹیک آف کرتے ہوئے آر پی او بہاولپور اور ایم این اے کے درمیان بیچ بچاؤ کروایا تھا اور کمشنر بہاولپور کو سمیع گیلانی کے رقبے کو واہگزار کروانے کے احکامات جاری کیے تھے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سابقہ ایس ایچ او آصف کمبوہ کی تعیناتی کے دوران چولستان کے رہائشی افراد نے متعدد بار افسران کو آگاہ کیا تھا کہ چولستان کی حدود میں بلوچستان اور کچے کے ڈاکوؤں اور اشتہاریوں کے ڈیرے تھے جنہیں قبضہ گروپ مختلف لوگوں کی زمینوں پر قبضے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور کئی افراد کے اغواء میں بھی ملوث ہیں یاد رہے کہ سابقہ ایس ایچ او کی تعیناتی کے دوران ایم این اے کے ملازم کو قبضہ گروپ اغواء کر کے بلوچستان لے جاتے ہوئے گرفتار ہوئے تھے اسکے علاؤہ ڈیراور کی حدود میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ ساتھ منشیات فروشی بھی عروج پر تھی جسے روکنے میں ایس ایچ او ناکام رہے تھے جس پر ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان نے ایس ایچ او تھانہ ڈیراور آصف کمبوہ کو لائن حاضر کرتے ہوئے ارسلان شاہد سب انسپکٹر کو ایس ایچ او ڈیراور تعینات کردیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں