آج کی تاریخ

چولستان میں قبضہ مافیا کی آوارگی، سرکاری زمینوں پر مکانات، آن لائن فراڈ اور پولیس کا مکر

بہاولپور (کرائم سیل) چولستان میں سرکاری زمینوں پر ایک مخصوص گروہ نے قابض ہو کر پختہ مکانات تعمیر کر لیے ہیں اور بڑے پیمانے پر فصلیں بھی کاشت کی جا رہی ہیں۔ اس گروہ کو سی ڈی اے کے عملے، سابقہ پٹواری محبوب، موجودہ پٹواری اشفاق اور طارق گرداور کی مکمل معاونت حاصل ہے۔جنڈ اعوان بستی جٹھا ماڑی میں مشتاق گجر، جو کہ قبضہ مافیا کا سرغنہ ہے، نے نہ صرف زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں بلکہ بستی کے اکثر افراد سے آن لائن فراڈ بھی کروا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کے ساتھ اس کے روابط ہیں اور ایک ماہانہ ڈیل کے تحت اسے آن لائن فراڈ کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔مافیا کے غیر قانونی دھندوں میں شریک نہ ہونے کی پاداش میں ایک لاچار خاتون شازیہ الطاف کے تعمیر شدہ مکان پر بھی مشتاق گجر نے قبضہ کر رکھا ہے۔ وہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اس نے مکان اسٹام پر خریدا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔لودھراں کی رہائشی متاثرہ خاتون شازیہ الطاف نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 17 سال قبل اس نے چولستان میں سرکاری زمین پر چار کمروں، ایک کچن اور دیگر ضروریات پر مشتمل مکان تعمیر کیا۔ مشتاق گجر نے اسے آن لائن کارڈنگ جیسے غیر قانونی کام میں شامل ہونے کو کہا، لیکن انکار پر اس نے خاتون کے مکان پر قبضہ کر لیا۔ شازیہ کا کہنا ہے کہ وہ والدین سے ملنے لودھراں گئی تو مشتاق گجر نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا۔خاتون کے مطابق، اس نے 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی اور تھانہ صدر میں مقدمہ بھی درج کروایا، مگر پولیس اور سی ڈی اے کے عملے نے مشتاق گجر کو تحفظ فراہم کیا۔ شازیہ کا دعویٰ ہے کہ سی ڈی اے کے اہلکار، طارق گرداور، محبوب پٹواری اور اشفاق پٹواری، سب اس قبضہ مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ چولستان کے عملے نے رشوت بھی لی مگر کارروائی کرنے کے بجائے اُسے ذلیل و خوار کیا گیا۔شازیہ الطاف نے الزام عائد کیا کہ مشتاق گجر نے بستی کے کئی افراد کو آن لائن فراڈ کے مکروہ دھندے میں ملوث کر رکھا ہے، جبکہ پولیس کے ساتھ اس کا مک مکا ہے۔ وہ سرکاری زمین پر ناجائز طور پر مکانات تعمیر کروا رہا ہے اور کئی مربع رقبے پر فصلیں بھی کاشت کر رہا ہے۔متاثرہ خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ایم ڈی چولستان، ڈی جی انٹیگریشن اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قبضہ گروپ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور آن لائن فراڈ جیسے غیر قانونی کاروبار کو بند کروایا جائے، کیونکہ یہی دھندہ ان افراد کو ککھ پتی سے کروڑ پتی بنا چکا ہے اور وہ اب مظلوم عوام پر ظلم ڈھا رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں