بہاولپور (کرائم سیل)چولستان میں شاہی مزارع سکیم کی آڑ میں کروڑوں کا فراڈ، ایم ڈی چولستان سید طارق بخاری سمیت عملہ ملوث ہونے کے الزامات کی زد میں آگئے۔متاثرین کے مطابق ایم ڈی بجائے کارروائی کے اپنے عملے کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں جبکہ انٹی کرپشن میں گزشتہ روز ہونے والی سماعت 24 جولائی کو نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منیر گل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ شاہی مزارع سکیم کی آڑ میں سادہ لوح شہریوں کو چولستان کے سرکاری رقبے کی الاٹمنٹ کا جھانسہ دے کر لوٹا گیا۔ اس دھوکا دہی میں مبینہ طور پر ایم ڈی چولستان سید طارق بخاری کی سرپرستی میں طارق گرداور سمیت پٹواری اضرار، محبوب اور اشفاق بھی شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ سی ای او، ایم ڈی چولستان کے ریڈر اور پی اے کے ساتھ مل کر ایک منظم گروہ چلا رہے ہیں۔فراڈ کا شکار ہونے والے کھچی والا کے رہائشی اختر ساہی اور اوورسیز پاکستانی مقصود احمد نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ افسران نے نہ صرف ان سے رقوم بٹوریں بلکہ جعلی فردات اور دو نمبر کاغذات تیار کر کے عدالت سے وارنٹِ قبضہ حاصل کیا اور پولیس کی مدد سے اڈا سبیل کے قریب سرکاری زمین پر فرضی قبضہ دلوا دیا جو کہ تعزیراتی جرم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس فراڈ کے تمام ثبوت بشمول ویڈیوز ان کے پاس موجود ہیں۔فراڈ کے حوالے سے اینٹی کرپشن میں درخواست دی گئی تھی جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہر بپی انکوائری کر رہے تھے تاہم ان کے تبادلے کے بعد معاملہ تاخیر کا شکار ہو گیا۔ اب نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن منیر گل نے 24 جولائی کو پیشی کی تاریخ دیتے ہوئے متاثرہ شہریوں کو اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ چولستان کے بدعنوان اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ چولستان کے تمام افسران اس فراڈ میں برابر کے شریک ہیں، یہی وجہ ہے کہ نہ تو کسی کو معطل کیا گیا اور نہ ہی کوئی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی چولستان سید طارق بخاری دفتر بھی شاذونادر ہی آتے ہیں۔ وہ بہاولنگر سے بارہا ان سے ملاقات کے لیے بہاولپور آتے رہے مگر دفتر عملہ ملنے نہیں دیتا۔اختر ساہی اور مقصود احمد نے اعلیٰ حکام، چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فراڈ میں ملوث تمام سرکاری ملازمین، پٹواریوں اور گرداورز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے خلاف موجود ثبوتوں کی روشنی میں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ 24 جولائی کو اینٹی کرپشن میں ہونے والی پیشی میں پیش رفت سامنے آئے گی۔
