اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجا کو اسلام آباد پولیس نے راولپنڈی الیکشن ٹریبونل کے باہر سے گرفتار کر لیا۔
راجہ بشارت اپنے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ کے ہمراہ حلقہ NA-55 سے متعلق الیکشن پٹیشن کی سماعت کے لیے ٹریبونل میں پیش ہوئے تھے۔ جیسے ہی وہ سماعت کے بعد باہر نکلے، پولیس نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور انہیں حراست میں لے لیا۔
گرفتاری کے بعد راجہ بشارت کو تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں اور ان جیسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں۔
ان کے وکیل سردار عبدالرازق کا کہنا تھا کہ پولیس کو تمام ضمانت نامے پیش کیے گئے مگر اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا۔ وکیل کے مطابق یہ گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ صرف احکامات پر عمل کر رہے ہیں، اگر کوئی بات کرنی ہے تو تھانہ نیو ٹاؤن آ کر افسران سے رجوع کیا جائے۔ راجہ بشارت کی وکلا ٹیم ضمانت ناموں کے ہمراہ تھانے پہنچ گئی ہے اور قانونی کارروائی پر غور کر رہی ہے۔
