لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کے مقدمات میں سزاؤں کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے اپنے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اور واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔
تاہم ذرائع نے بتایا کہ پارٹی این اے 129، جو میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی، میں انتخابی میدان میں اترے گی۔ اس کے علاوہ پی پی 87 اور این اے 66 پر پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پہلے ہی کاغذات جمع کروا دیے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 129 لاہور میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی عبوری فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر 27 امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں۔
عبوری فہرست میں تحریک انصاف کے حماد اظہر، اویس انجم اور میاں جمیل کے نام شامل ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رانا مشہود اور حافظ میاں محمد نعمان بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے معروف شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ جالب اور آصف ناگرہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 8 اگست سے شروع ہوگا۔ این اے 129 پر ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا، جو میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا۔
