سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کے اپنے ہی ساتھی ان کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں اور گنڈا پور اقتدار کے اختتامی مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی قوم کو آگاہ کر دیا تھا کہ امریکا سے ایک اہم مثبت خبر آنے والی ہے، جو اب سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے وہی رہنما جو کبھی پارٹی کے بانی نظریے کے حامل تھے، اب اسی جماعت کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں، جن میں ان کے قریبی دوست گنڈا پور بھی شامل ہیں جو اپنے اقتدار کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
فیصل واوڈا نے عندیہ دیا کہ وطن واپسی پر وہ ان تمام حقائق کو بے نقاب کریں گے کہ پی ٹی آئی کی سینیٹ میں آٹھ نشستیں کیسے پانچ رہ گئیں، مراد سعید کو سینیٹر بنانے کے پیچھے کیا کہانی ہے، اور پارٹی کی نااہلیوں کا سلسلہ کہاں تک پہنچا۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ پارٹی کے اندر اربوں روپے کے مالی معاملات موجود ہیں، اور گنڈا پور سمیت کچھ عناصر اداروں کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کا ایک بڑا خطرناک منصوبہ سامنے لائیں گے اور اس بار کسی کو ارشد شریف جیسا کھیل دہرانے نہیں دیں گے۔







