لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج سہ پہر 2 بج کر 30 منٹ پر پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوگا، جس میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کریں گے۔ اس دوران لاہور اور سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالتوں کے حالیہ فیصلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے متعدد مرکزی رہنماؤں جن میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں، کو 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
اجلاس میں ان فیصلوں کے خلاف ممکنہ قانونی اقدامات، خاص طور پر اعلیٰ عدلیہ میں اپیل دائر کرنے کے آپشنز پر مشورہ کیا جائے گا، جب کہ پارٹی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل بھی زیر بحث آئے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر تین بجے پی ٹی آئی رہنما ایک پریس کانفرنس کریں گے، جس میں عدالتی فیصلوں پر مؤقف، مستقبل کی سیاسی حکمت عملی اور قانونی چارہ جوئی سے متعلق تفصیلات دی جائیں گی۔
