پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عمر ایوب نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بغیر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہیں کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لائے بغیر مذاکراتی عمل میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔ ان کا مؤقف تھا کہ حکومت کی جانب سے کمیشن کے قیام تک چوتھے مذاکراتی راؤنڈ میں شریک نہیں ہوں گے۔
دوسری طرف، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 28 جنوری کو پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ چوتھا اجلاس طے شدہ ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے تین دور ہو چکے ہیں، جن میں پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کیے تھے۔






