آج کی تاریخ

پی ٹی آئی قیادت کا سیاسی مشاورت کے لیے لاہور کا اہم دورہ

اسلام آباد: تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا اور مرکزی قیادت اہم مشاورتی دورے کے لیے لاہور روانہ ہوگئی ہے۔ روانگی سے قبل خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیاسی صورتحال، سینیٹ انتخابات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ ہم محض سیاسی بات چیت اور ملاقاتوں کے لیے جا رہے ہیں، گرفتاریوں کا کوئی خطرہ نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمانی سطح پر لاہور جا رہے ہیں، یہ احتجاج نہیں بلکہ مشاورت کا سفر ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم آئین، جمہوریت اور پارلیمانی اقدار کی بحالی کے لیے نکلے ہیں، اور لاہور میں مختلف سیاسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اظہار رائے اور نقل و حرکت کا آئینی حق حاصل ہے، جو پچھلے کچھ عرصے میں محدود کیا گیا۔
وفد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، چیف وہپ عامر ڈوگر، ایم این ایز علی محمد خان، شاہد خٹک، عاطف خان سمیت دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور میں قیادت کی سینیٹ انتخابات کے تناظر میں اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی آئینی دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہتی ہے اور ہر فورم پر اپنی بات مؤثر انداز میں پیش کرے گی۔
اسلام آباد میں واقع خیبرپختونخوا ہاؤس صبح سے ہی پارٹی سرگرمیوں کا مرکز بنا رہا، جہاں رہنماؤں کو تفصیلی بریفنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں