پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یاسمین راشد نے اس سلسلے میں جیل میں موجود اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت مکمل کی، جس کے بعد آئندہ کی قانونی حکمت عملی طے کی گئی اور ٹریبونل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کو ہدایت دی ہے کہ لاہور الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ وکیل رانا مدثر عمر نے تصدیق کی کہ ٹریبونل کے فیصلے کی مصدقہ کاپی کے لیے درخواست دے دی گئی ہے اور جیسے ہی کاپی موصول ہوگی، متعلقہ عدالت میں پٹیشن دائر کر دی جائے گی تاکہ قانونی حقوق کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
رانا مدثر عمر کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے کیس میں حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور تکنیکی بنیادوں پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی الیکشن پٹیشن کو مسترد کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔







