Post Views: 17
اسلام آباد: تحریک انصاف کے ارکان میں پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفوں کے معاملے پر ابہام پیدا ہو گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے صرف حکومتی کمیٹیوں سے استعفے کا کہا تھا، لیکن سیاسی کمیٹی نے اسے پارلیمانی کمیٹیوں، بشمول پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، کے استعفوں سے بھی جوڑ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وکلا کی مشاورت کے بعد حکومت کی کمیٹیوں سے استعفے اسپیکر کو بھیج دیے گئے ہیں، جبکہ وہ کمیٹیاں جن کی سربراہی اپوزیشن کے پاس ہے، پی ٹی آئی اپنے پاس رکھے گی۔ پارلیمانی کمیٹیوں میں بطور چیئرمین کردار ادا کرنے والے ارکان کو واضح ہدایات فراہم نہیں ہو سکیں۔
پارٹی ارکان کا دعویٰ ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ذکر سیاسی کمیٹی کے اعلامیہ میں بیرسٹر گوہر نے شامل کروایا۔ حکومتی کمیٹیوں میں شامل ارکان فیصل امین گنڈاپور اور آصف خان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔