اسلام آباد: پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے بعد حکومت نے متبادل حکمتِ عملی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مستعفی اراکین سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کمیٹیوں کا کام کسی تعطل کے بغیر جاری رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اراکین کی عدم شرکت کے باوجود قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے کمیٹیوں کے انتظامی ڈھانچے میں عارضی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
پی اے سی سمیت 9 قائمہ کمیٹیوں کے لیے قائم مقام چیئرمین تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ عارضی چیئرمین متعلقہ کمیٹیوں کے دستیاب اراکین میں سے نامزد کیے جائیں گے تاکہ قانون سازی اور نگرانی کا عمل متاثر نہ ہو۔
حکومت نے کمیٹیوں کی رکنیت مکمل کرنے کے لیے نئے ممبران شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جہاں اپوزیشن چیئرمین موجود نہیں ہوں گے وہاں عارضی سربراہ کمیٹی کی صدارت سنبھالیں گے، جبکہ قائمہ کمیٹیاں دستیاب اراکین کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گی۔







